لاہور:خواتین کو بااختیار بنانے اور روزگار کے مواقع مہیا کرنے کیلئے جامعہ پنجاب کا اہم اقدام سامنے آیا ہے۔
جامعہ پنجاب نے بی ایس کی سطح پر نئے ڈیموگرافکس، پبلک ہیلتھ اور کرمنالوجی کے کورسز متعارف کروا دیئے ہیں جب کہ شہداء کے بچوں کو مفت تعلیم اور اسکالرشپ کی تفصیلات بھی جاری کر دی ہیں۔
پنجاب یونیورسٹی نے بی ایس اور ماسٹرز کی سطح پر داخلوں کا اعلان کیا ہے۔ امیدوار دس ستمبر سے مختلف پروگرامز میں داخلوں کے لئے آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔
جامعہ کی جانب سے نئے پروگرامز میں ڈیموگرافک، کرمنالوجی اور پبلک ہیلتھ جیسے مضامین شروع کئے جا رہے ہیں جن کا مقصد طلبا اور خاص طور طالبات کیلئے نوکری کے مواقع بڑھانا ہے۔
’جو طالبعلم آن لائن امتحان نہیں دینا چاہتا وہ پنجاب یونیورسٹی کو درخواست دے سکتا ہے‘
اس ضمن میں ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر روزینہ نے کہا کہ پبلک اور ڈیموگرافکس ایسی ڈگریاں ہیں جن کی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا میں بہت مانگ ہے۔
اس کے علاوہ بی ایس اور ماسٹرز پروگرام میں شہدا کے بچوں کیلئے خصوصی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔
وائس چانسلر ڈاکٹر نیازاحمد کے مطابق ہر شعبہ میں کوٹہ پر دو سیٹیس رکھی گئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا ہمارے لئے قابل فخر ہیں، ان کے بچوں کو مفت تعلیم، رہائش اور سکالرشپس دیں گے۔
وائس چانسلر کا کہنا ہے کہ امیدواروں کی رہنمائی کیلئے ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔ داخلوں کیلئے آئن لائن فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ پانچ اکتوبر ہے۔