کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں سے ایک سو سینتیس افراد جاں بحق اور گیارہ لاکھ ایکڑ پر فصلیں تباہ ہوگئیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق بارشوں کے باعث صرف کراچی میں چونسٹھ افراد جان سے گئے۔ بارشوں اور سیلابی صورتحال نے پندرہ ہزار سے زائد دیہات کو متاثر کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں سے ایک لاکھ سینتیس ہزار گھروں کو نقصان پہنچا اور ستتر ہزار سے زائد گھر مکمل طور پر گرگئے۔ بارشوں کے دوران پینتالیس ہزار مویشی بھی ہلاک ہوئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان سے سیلاب متاثرین کے لیے مدد کی اپیل تھی۔
وزیراعظم عمران خان کے نام لکھے گئے خط میں مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ سندھ میں بارشوں نے بڑی اور ناقابل تلاقی تباہی مچائی ہے۔ کراچی کا دورہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا مشکور ہوں۔
مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ بارشوں میں جاں بحق افراد کے لیے فی کس 5 لاکھ روپے امداد دی جائے زخمیوں کو 2لاکھ روپے فی کس امداد دی جائے۔
مراد علی شاہ نے خط میں کہا تھا کہ کراچی میں بارشوں کے دوران انفراسٹریکچر کو نقصان پہنچا۔ کراچی میں انفراسٹریکچر کے نقصانات کا تخمینہ 5 ارب روپے ہے۔ سندھ کے دیگر اضلاع میں انفراسٹریکچر کو بھی 5 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔
مزید پڑھیں: کراچی نے غیر معمولی بارشوں کا سامنا کیا،گورنر سندھ
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت متاثرہ افراد کو ایک لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرے۔آبپاشی نظام کی بہتری کےلیے منصوبہ پر 43 ارب روپے لاگت آئے گی۔وفاقی حکومت منصوبے کی تکمیل میں مدد کرے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں طوفانی بارشوں سےنہری نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ عالمی ماہرین نے سندھ میں دریاوں اور آبپاشی نظام کی بحالی کے لیے جامع پلان دیا ہے۔سندھ حکومت تنہا آبپاشی نظام کی بحالی کا کام نہیں کرسکتی۔
مراد علی شاہ نے خط میں مزید کہا تھا کہ وفاق دریاوَں اور نہروں کے نظام کی بہتری کے لیے 43 ارب روپے فراہم کرے۔ مالیاتی مشکلات کے سبب آبپاشی نظام پر خطیر رقم خرچ نہیں کرسکتے۔