لاہور: احتساب عدالت نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت 10 ملزمان کو مقدمے میں بری کر دیا۔
احتساب عدالت لاہور میں ایل ڈی اے سٹی کرپشن کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) احد چیمہ سمیت 10 ملزمان کو مقدمے میں بری کر دیا۔
عدالت نے احد چیمہ سمیت 10 ملزمان کے خلاف نیب انویسٹی گیشن بند کرنے کی درخواست کو منظور کیا۔
احد چیمہ کو فروری 2018 میں نیب نے مالی بدعنوانی، سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کےالزامات میں گرفتار کیا تھا۔ احد چیمہ پر الزام تھا کہ انہوں نے کروڑوں روپے کی اراضی غیر قانونی طور پر اپنے، اپنے بھائی، بہن اور کزن کے نام کی تھی۔
احد چیمہ نہ صرف کئی روز جسمانی ریمانڈ پر نیب کی طویل میں رہے بلکہ انہوں نے دو سال سے زائد کا عرصہ جیل میں گزارا۔
24 فروری کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل کے سلسلے میں نیب نے کارروائی کرتے ہوئے بسم اللہ انجینئرنگ سروسز کے مرکزی عہدیدار شاہد شفیق کو بھی گرفتار کیا تھا۔