اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے لیکن شام کے بعد بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے کچھ اضلاع میں بارش کی توقع ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور بعض مقامات پربارش بھی ہو سکتی ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ خطۂ پوٹھوہار کے بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ سندھ کی ساحلی پٹی پر چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بادل برس سکتے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ما لاکنڈ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر، چترال اور کرم میں بارش متوقع ہے۔ آزاد کشمیر میں شام اوررات کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا۔ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور شام کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوسکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم چکوال میں 13ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ گرمی تربت میں پڑی جہاں درجہ حرارت44 ڈگری سینٹی گرئڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ،دادو، سکھراور بہاولنگرمیں 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔