کورنگی میں عمارت گرنے کے واقعہ، وزیراعلیٰ سندھ کا انکوائری کا حکم


کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورنگی میں عمارت گرنے کے واقعے  کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری بلدیات کو انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ معلوم کیا جائے بلڈنگ کا نقشہ پاس ہوا تھا یا نہیں؟ کیا عمارت نقشے کے مطابق تھی یا خلاف ورزی ہوئی؟

وزیراعلیٰ سندھ  نے متعلقہ حکام کو اس طرز کی کمزور اور بوسیدہ عمارتوں کی شناخت کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے حادثے میں جانی نقصان پر کا دکھ کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ کراچی کے علاقے کورنگی میں 4 منزلہ رہائشی عمارت گر نے کے باعث 15 سالہ لڑکا جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق  زمین بوس ہونے والی عمارت کے ملبے تلے دبے 7  زخمیوں کو نکال لیا گیا۔ زخمیوں میں سے بعض کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح اسپتال سیمی جمالی کے مطابق  ایک پندرہ سالہ لڑکے کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا جس کی شناخت وقاص کے نام سے ہوئی۔ چار مزید زخمی بھی اسپتال لائے گئے۔

مزید پڑھیں: سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی مال بنانے کی مشین بن چکی ہے، پی ٹی آئی رہنما

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں رہائشی عمارت گر گئی ہے جس میں متعدد افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہوئے۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں جبکہ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی بھی کوشش کی۔

عمارت کے ملبے سے نکالے گئے افراد میں خواتین اور بچے شامل تھے۔

گرنے والے عمارت کے قریبی عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر لوگوں کو جائے حادثہ سے پیچھے ہٹایا۔

پولیس کے مطابق حادثے کے وقت عمارت میں لگ بھگ 15 افراد موجود تھے۔

پولیس حکام کے مطابق فلاحی اداروں کے رضاکاروں کے ہمراہ پولیس اہلکاروں نے بھی ملبہ ہٹانے میں مدد کی۔ پولیس کی جانب سےملبہ ہٹانے کے لیے 4 کرین منگوائی گئیں۔

پولیس کے مطابق 4 منزلہ عمارت کب تعمیر کی گئی اور کس نے کرائی، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے  سےعمارت سےمتعلق ریکارڈ وتفصیلات طلب کرلی ہیں۔


متعلقہ خبریں