دوبارہ پوسٹ مارٹم: ڈاکٹر ماہا کی قبر کشائی کیلئے میرپور خاص کی عدالت سے رجوع


کراچی: کراچی کی مقامی عدالت کی جانب سے ڈیفنس میں مبینہ خودکشی کرنے والی ڈاکٹر ماہا کے دوبارہ پوسٹ مارٹم کے لیے قبر کشائی کی اجازت دینے سے انکار کردیا جس کے بعد پولیس نے میرپور خاص کی مقامی عدالت  سے ڈاکٹر ماہا کی قبر کشائی کی اجازت کی درخواست کردی۔

ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی ساوتھ نے  ایس ایس پی  انوسٹی گیشن  کی جانب سے   ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج میرپور خاس سے کی گئی  درخواست کی تصدیق کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق درخواست میں کہا گیا ہے کہ جناح اسپتال کے ڈاکٹر عرفان کی رپورٹ غلط ہے۔ جس  کے مطابق گولی  بائیں جانب سے سر میں داخل ہو کر دائیں جانب سے نکل گئی۔ رپورٹ کی تصدیق کے لیے خاتون ڈاکٹر کی قبر کشائی ضروری ہے۔ خاتون ڈاکٹر کی تدفین میرپور خاص  میں کی گئی ہے۔

دوسری جانب ضلع جنوبی کراچی کی عدالت نے ڈاکٹر کے پوسٹ مارٹم کے لیے قبر کشائی کی اجازت دینے سے انکار کردیا ۔ گزری تفتیشی پولیس  کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عدالت کا کہنا  تھا کہ  خاتو ن ڈاکٹر کی تدفین  میرپورخاص میں ہوئی ہے۔ یہ معاملہ ضلعی عدالت کراچی جنوبی کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ پولیس میرپور خاص کی عدالت سے رجوع کرے۔

 


متعلقہ خبریں