پاکستان نے پلوامہ حملے سے متعلق بھارت کی نام نہاد چارج شیٹ مسترد کر دی

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان نے پلوامہ حملے سے متعلق بھارت کی نام نہاد چارج شیٹ کو مسترد کر دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارتی ایجنسی این آئی اے نے پلوامہ حملے میں پاکستان کو ملوث کرنےکی کوشش کی ہے، بھارتی حکمرانوں کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی اور داخلی مسائل سے توجہ ہٹانا ہے، اس طرح کے پراپیگنڈے سے بین الاقوامی رائے عامہ کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں  نے واضح کیا کہ پلوامہ حملے میں پاکستان کو ملوث کر کے بھارتی ایجنسی نے بی جے پی کا بیانیہ آگے بڑھانے کی کوشش کی ہے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان پر نئی پابندیاں لگانے کی خبریں غلط ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بین الاقوامی برادری کو بھارتی فالس فلیگ آپریشن سے آگاہ کرچکا ہے۔ دنیا کو بھارتی اقدامات کے خطرناک نتائج سے بھی آگاہ کر رہے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ بھارتی لوک سبھا کے انتخابات سے دو ماہ قبل پلوامہ حملہ کی ٹائمنگ ،مرکزی ملزم کا مارا جانا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔ دنیا جانتی ہے کہ بھارتی انتخابات میں پلوامہ حملہ کا فائدہ کس نے اٹھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ 26 فروری کو بھارتی فوجی جہازوں نے پاکستان کےخلاف ناکام کارروائی کی، پاک فضائیہ کی موثرجوابی کارروائی سے بھارت کے دوجنگی جہاز تباہ ہوئے، بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باوجود امن کی خاطر پائلٹ کو رہا کیا گیا۔


متعلقہ خبریں