معروف اداکار جمشید انصاری کو مداحوں سے بچھڑے 15 برس بیت گئے


کراچی: پاکستان ٹیلی ویژن اور فلم کے مزاحیہ اداکار جمشید انصاری کو اپنے مداحوں سے بچھڑے 15 برس بیت گئے۔

ٹیلی ویژن اور فلم کے مزاحیہ اداکار جمشید انصاری 31 دسمبر 1942 کو ہندوستان کے علاقے سہارنپور میں پیدا ہوئے۔ گریجویشن کے بعد جمشید انصاری لندن میں برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے منسلک رہے اور ٹی وی پروڈکشن کے سرٹیفکیٹ کورس کیے۔

لندن میں قیام کے دوران انہوں نے شوکت تھانوی کے لکھے ہوئے ڈرامے ’ سنتا نہیں ہوں بات‘ پیش کیا۔ 1968 میں پاکستان واپس آکر پاکستان ٹیلی وژن میں کام کا آغاز کیا۔ انہوں نے اپنے کریئر کا آغاز ڈراما ’ جھروکے‘ سے کیا جس نے جمشید انصاری کی لاجواب اداکاری کے سبب مداحوں سے خوب داد سمیٹی ۔

جمشید انصاری کے شہرہ آفاق ڈراموں میں گھوڑا گھاس کھاتا ہے، کرن کہانی، ان کہی، تنہائیاں، زیر زبر پیش،شوشہ، وغیرہ شامل ہیں۔

ورسٹائل فنکار جمشید انصاری کو ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر درجنوں ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔

عظیم فنکار نے 200 سے زائد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ جمشید انصاری کی اداکاری اور ان کے مکالمے آج بھی ان کے مداحوں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں: بارہویں لاہور انٹرنیشنل چلڈرن فلم فیسٹیول کا آغاز

اپنے مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والے جمشید انصاری سر میں رسولی کی وجہ سے 24 اگست 2005 کو کراچی میں خالق حقیقی سے جا ملے۔


متعلقہ خبریں