نواز شریف کی واپسی کیلیے برطانوی حکومت سے رابطہ درست فیصلہ ہے، فواد چودھری



اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے برطانوی حکومت سے رابطہ درست فیصلہ ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں فواد چودھری نے کہا کہ میاں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کی انکوائری بھی حکومت کا درست فیصلہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی لندن روانگی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بیانیے اور احتساب کے عمل کو دھچکہ دیا۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی تحریر کیا کہ جعلی رپورٹس کی تیاری میں جن لوگوں کا کردار ہے ان کو نشان عبرت بنانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چودھری کی سعودی سفیر سے ملاقات، باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی واپسی کے لیے وفاقی کابینہ میں بھی بات ہوئی،
سابق وزیر اعظم کی واپسی کے لیے طریقہ کار وضع کردیا جائے گا۔

گزشتہ روز وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا تھا کہ نوازشریف کو واپس لانے کیلئے فارن آفس کے ذریعے برطانوی حکومت سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف بیماری کا بہانہ بنا کر لندن میں بیٹھ گئے ہیں، وہاں انہوں نے ایک ایکسرے بھی نہیں کرایا،انہیں واپس آنا چاہیے۔

شبلی فراز نے کہا کہ نوازشریف واپس آ کر عدالتوں میں اپنے تمام سوالات کے جوابات دیں وہ لندن میں بیٹھ کر سب سے رابطے کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری نے اپوزیشن کی اے پی سی کو حلوہ پارٹی کانفرنس قرار دے دیا

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نیب کو کہے گی کہ وہ اس سلسلے میں فارن آفس سے رابطہ کرے ، ہم سمجھتے ہیں کہ اب نوازشریف کو واپس لانا ضروری ہے اور اس سلسلے میں ہماری کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔


متعلقہ خبریں