موقع ملا تو کراچی کو نیویارک بنادیں گے، شہباز شریف


کراچی: صدر پاکستان مسلم لیگ ن اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی کے امن کو تباہ کردیا گیا تھا مسلم لیگ ن نے ہی کراچی کو ایک بار پھر امن کا گہوارہ بنایا ہے۔ 2013 کے عام انتخابات کے بعد نوازشریف کی کوششوں سے ہی کراچی کا امن بحال ہوا ہے۔

خادم اعلیٰ نے لیاری اور بلدیہ ٹاؤن میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 70 کی دہائی میں کراچی بہت خوبصورت شہر تھا۔ شہر قائد کو کسی کی نظر لگ گئی تھی۔ اس کی رونقوں کو تباہ کردیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جگہ جگہ گندگی اور غلاظت کے ڈھیر موجود ہیں۔ سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں اور پانی موجود نہیں ہے۔ سڑکوں پر انتہائی خستہ حال بسیں چل رہی ہیں۔ اگر کراچی کے شہریوں نے ہمیں ووٹ دیئے تو ہم کراچی کو بھی لاہور بنادیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں پنجاب کا خادم ہوں لیکن پہلے پاکستانی ہوں۔ لاہور میٹروبس سے روزانہ لاکھوں افراد مستفید ہوتے ہیں۔ کراچی کا سب سے پہلے حق تھا کہ یہاں میٹرو اور اورنج لائن بننی چاہیے تھی۔ کراچی میں لاکھوں لوگ مزدوری کرتے ہیں لیکن یہاں پینے کا پانی ہی موجود نہیں ہے۔

شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ اگر کراچی کے شہریوں نے انہیں منتخب کیا تو وہ کراچی کو لاہور بناکر دم لیں گے۔ کراچی میں روزگار کے مواقع بلاسود قرضوں کی فراہمی کے ممکن نہیں ہے۔  وقت آگیا ہے کہ لوٹا ہوا پیسہ نکال کر آپ کے شہر پر خرچ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی آتا ہوں تو پیپلزپارٹی کے پیٹ میں درد اٹھتا ہے اور خیبرپختونخوا جاتا ہوں تو تحریک انصاف کے دوست ناراض ہوتے ہیں۔ عمران خان کی باتیں بھی قصہ خوانی بازار کی طرح صرف قصے ہی ہیں۔ تحریک انصاف کا بنی گالا اور پیپلزپارٹی کا بلاول ہاؤس اصل میں ہم پیالہ اور ہم نوالہ ہیں۔

 


متعلقہ خبریں