ریکٹر نسٹ یونیورسٹی نے 20 افراد کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کرا دیا

ریکٹر نسٹ یونیورسٹی نے 20 افراد کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کرا دیا

لاہور: ریکٹر نسٹ یونیورسٹی لفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ نوید زمان  نے معتبر ادارے کے خلاف مہم پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں 20 افراد کے خلا ف ہتک عزت کا مقدمہ درج کروا دیا۔

لفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ نوید زمان کا کہنا ہے کہ جن بیس افراد کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا ہے ان میں سے کچھ کا تعلق ریاست مخالف عناصر سے ہے۔ مقدمہ سائبر کرائم ایکٹ 2016 کی شق نمبر 20 اور 37 کے تحت درج کرایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوج کے خلاف مہم چلانے والے کچھ عناصر کا اپنا مفاد پرست ایجنڈا ہے جبکہ کچھ کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے منسلک ہے۔

نوید زمان نے کہا کہ اس فہرست میں کچھ ایسے افراد بھی شامل ہیں۔ جو بیرون ملک بیٹھ کر زہر اگلنے میں مصروف ہیں اور بہت سی بھارتی ویب سائٹس نے بھی اس سازش میں اپنا حصہ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے مقدمہ درج کرانے کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ گذشتہ تین سال سے اس توہین آمیز رویے کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ اس تضحیک آمیز مہم کا مقصد مسلح افواج کی اعٰلی قیادت کو بدنام کرنا، فوج اور اور عوام میں دراڑ ڈالنا ہے۔

لفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ نوید زمان نے مزید کہا کہ 2017 میں اس امید کے ساتھ کہ ذمہ داران کے خلاف قانون حرکت میں آے گا، ایک شکایت ایف آئی اے میں درج کروائی گئی تھی تاہم اس حوالے سے اب تک کوئی کارروائی عمل میں نہیں آئی اور یہ تضحیک آمیز مہم اب بھی پوری شدت کے ساتھ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں اس مہم کے دوبارہ رونما ہونے پر ایک نئے کیس کا اندراج کروایا گیا ہے۔ ہتک عزت کے  مقدمے کے تحت تین سال قید کی سزا اور دس لاکھ روپے جرمانہ ہے۔


متعلقہ خبریں