کراچی میں بارش: مختلف علاقوں میں پانی جمع، کورنگی کازوے ٹریفک کیلئے بند


کراچی: کراچی میں بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا، کورنگی کازوے کو بارش کا پانی جمع ہونے کے بعد ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔

بارش کے بعد وزیراعلیٰ ہاوَس کے اطراف سڑک پر پانی جمع ہوگیا۔ وزیراعلیٰ ہاوس کی طرف جانے والی سڑک کو بیریئرلگ کر ٹریفک کےلیے بند کردیاگیا۔

بارش کے بعد ضلع وسطی میں کے ڈی اے چورنگی پر بھی پانی جمع ہوگیا، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا پڑا اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

کراچی میں بارش کا پانی جمع ہونے کے بعد چمڑا چورنگی اور بلوچ کالونی کے اطراف شدید ٹریفک جام ہوا۔ کاز وے پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی۔

دوسری جانب  پاک فوج نے کراچی میں طوفانی بارش کے بعد بحالی کے کام کا آغاز کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کراچی میں طوفانی بارش کے بعد پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں مصروف عمل ہیں اور ضروری حفاظتی سامان کے ساتھ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

پاک فوج کی جانب سے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی بھی کی جا رہی ہے جبکہ پانی میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقام کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں الرٹ ہیں۔

خیال رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس کی وجہ سے سڑکوں پہ پانی جمع ہے، ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے اور نظام زندگی ابتر ہو کر رہ گیا ہے جب کہ بجلی کی عدم فراہمی نے صورتحال کومزید گھمبیر بنا دیا ہے۔

بارش کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ اور اس کے اطراف کی سڑکوں پہ پانی جمع ہو گیا۔

ایم اے جناح روڈ پہ واقع کے ایم سی بلڈنگ کے مرکزی دروازوں پر کم از کم دو فٹ سے زیادہ پانی کھڑا ہوا جو ٹریفک کی روانی کو شدید متاثر کرتا رہا۔

ہم نیوز کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر ایمبولینس سمیت کئی دیگر گاڑیاں کھڑے ہوئے پانی میں خراب ہو گئیں جنہیں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت دھکا لگا کر اسٹارٹ کرنے اور یا پھر راستے سے ہٹانے کی کوشش کرتے رہے۔

مزید پڑھیں: کراچی: ادارہ فراہمی و نکاسی آب کے عملے کی چھٹیاں منسوخ

شہر قائد میں حسب معمول بارش شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی جو رات گئے تک کئی علاقوں میں بحال نہیں ہوسکی تھی۔

شاہ فیصل گرین ٹاؤن اور ملحقہ بلاکس میں شام گزشتہ شام سات بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جب کہ بھیانی ہائیٹس ابوالحسن اصفہانی روڈ اور مسکن چورنگی گلشن کے مکینوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ شام چھ بجے سے ان کے علاقے میں بجلی غائب ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے پیش نظر150 فیڈرزبند کیے گئے ہیں۔ اورنگی ٹاوَن،بلدیہ، سرجانی، لیاری کے علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل کی گئی۔

ترجمان کے الیکڑک کے مطابق حادثات سے بچنےکے لیے بجلی بند کی گئی ہے۔ بارش کے پانی کی نکاسی ہوتے ہی بجلی بحال کردی جائے گی۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ضلع وسطی،ضلع غربی اور شرقی میں بارش زیاہ ہوئی ہے۔ ٹرانسفارمر اور کیبل فالٹس کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔


متعلقہ خبریں