کلبھوشن یادیوکاوکیل مقررکرنےکیلئےپاکستان کابھارت سےسفارتی رابطہ



اسلام آباد: حکومت پاکستان نے عدالتی حکم کے مطابق  کلبھوشن یادیو کے معاملے پر بھارت سے سفارتی رابطہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹرعائشہ فاروقی نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کلبھوشن یادیو کا وکیل مقرر کرنے کیلئے بھارت سے رابطے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی حکم کے مطابق بھارت سے رابطہ کیا گیا ہے اور اب جواب کا انتظار ہے۔

دفترخارجہ نے پاک افغان بارڈر پرسرحد پار سے فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی بھی حملے کا جواب دینے کیلئے پرعزم ہے اور ہم دہشت گردوں کو مدد فراہم کرنے کی بھرپورمذمت کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاک افغان بارڈر پرسرحد پار سے فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے بتایا ہے کہ فائرنگ دیر کے علاقے بن شاہی میں کی گئی ہے۔

ڈاکٹر عائشہ فاروقی نے بتایا کہ افغان آرمی کو بن شاہی میں بارڈر میٹنگ کا کہا گیا تھا۔ دونوں ملکوں کو بہترین تعاون اور کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے۔

یوم استحصال کشمیر کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پر ملک بھر میں ریلیوں اور تقاریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر عائشہ فاروقی نے بتایا کہ اسلام آباد میں وزیرخارجہ کی قیادت میں ریلی نکالی گئی اور صدرمملکت نے بھی اس ریلی سے خطاب کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ14اگست کو سید علی گیلانی کو نشان پاکستان سے نوازا جائے گا۔


متعلقہ خبریں