مودی نے تکبر میں جو فیصلہ کیا اس کا نتیجہ کشمیر کی آزادی ہوگا، وزیراعظم عمران خان



اسلام آباد:مقبوضہ کشمیر میں بھارتی محاصرے کو ایک سال مکمل ہونے پر مظفر آباد میں یوم استحصال کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت وزیراعظم عمران خان نے کی۔

ریلی میں شرکت کے بعد وزیراعظم عمران خان نے آزادکشمیر اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول سے ہوا۔

عمران خان نے کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کشمیریوں کو ایسے دور سے گزار رہا ہے جس خاتمہ آزادی پر ہوگا۔

ان کا کہنا تھا بھارت بند گلی میں پھنس گیا ہے، اگر پیچھے ہٹے گا تو کشیمر آزاد ہوجائے گا اور اگر نہیں ہٹے گا تو دنیا میں اس کا مذاق بنتا رہے گا،

وزیراعظم نے آزادکشمیر کی اسمبلی کو یقین دلایا کہ مسئلہ کشمیر کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھایا جائے گا۔

پاکستان کے نئے نقشے کے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بھارتی نقشہ سامنے آنے کے بعد ایسا کرنا ضروری تھا تاکہ دنیا کو معلوم ہوکہ یہ متنازع علاقہ ہے۔

ایک سال قبل مودی نے بہت بڑی غلطی کر بیٹھا ہے۔ مودی نے پاکستان کیخلاف نفرت پیدا کرکے بھاری اکثریت سے الیکشن جیتا تھا جس کے بعد آگے بڑھنے کیلئے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا۔

وزیراعظم نے کہا مودی سمجھتا تھا کہ پاکستان خاموش بیٹھا رہے گا اور کشمیری تھک ہار کر بیٹھ جائیں گے۔ مودی نے یہ فیصلہ تکبر میں آکر کیا تھا۔

وزیراعظم نے مظفر آباد میں مذاحمتی دیوار کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ ان کے ہمراہ کابینہ اراکین بھی موجود ہیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر، صدرمسعود خان، پاکستان کے وفاقی وزیر شبلی فراز، علی امین گنڈاپور، معاون خصوصی معید یوسف اور چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریارآفریدی بھی کشمیر اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوئے۔

آزادکشمیر اسمبلی میں یوم استحصال کشمیر سے متعلق قرارداد بھی منظور کی گئی۔ وزیراعظم آزاد کشمیرنےقانون سازاسمبلی میں قرارداد پیش کی۔

قرارداد میں مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کی مذمت کی گئی۔ قرارداد میں حریت قیادت اورغیرملکی میڈیا نمائندوں کی گرفتاری کی مذمت کی گئی ہے۔ قرارداد میں بھارت کے5اگست کے اقدامات کی بھی مذمت۔

وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں محاصرے اور کرفیو کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ہم مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ نریندر مودی سب کیلئے خطرہ ہے، مودی کے عزائم سب کے سامنے آچکے ہیں، ہم نے حالات کا تدبر کےساتھ مقابلہ کرنا ہے۔ ہمیں مناسب وقت پر اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ ہم مودی کی سوچ اور فلسفے کےخلاف ہیں اور اقوام متحدہ سے بھارتی محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔


وزیراعظم اور صدرآزادکشمیر، وزیراطلاعات، چیئرمین کشمیرکمیٹی بھی ہمراہ ہیں۔ آج پاکستان اور دنیا بھر میں یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر ملک بھر میں ریلیوں اور سیمینارز کا اہتمام کیا گیا ہے۔ صوبوں میں وزرائے اعلیٰ ریلیوں کی قیادت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:5اگست:کشمیریوں پر ظلم کی تاریخ میں ایک اور سیاہ باب کا اضافہ

وزیر اعظم عمران خان نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم نے مودی سرکار کی ہندوتوا فاشسٹ بالادستی کو بے نقاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 5 اگست کے بعد سے کشمیری وحشیانہ فاشسٹ فوجی محاصرے میں ہیں اور وہاں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے غیرقانونی قبضے سے کشمیریوں کی آوازیں دبانے کی کوشش کی تاہم میں تمام کشمیریوں کا سفیر بنا رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ کئی سال بعد میری حکومت نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں مؤثرانداز میں اٹھایا اور ہم نے مودی سرکار کی ہندوتوا فاشسٹ بالادستی کو بے نقاب کیا۔

یہ بھی پڑھیں:اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کون لے گیا تھا؟

عمران خان نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے نئے سیاسی نقشے میں کشمیریوں کی امنگوں کا خیال رکھا ہے جبکہ نئے سیاسی نقشے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں سے متعلق اپنے عزم پر قائم ہیں۔

مشال ملک نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت نے آج کے دن کشمیری عوام کیلئے ڈیتھ وارنٹ جاری کیا، بھارت نے یہ وارنٹ دراصل کشمیریوں کےخلاف نہیں ، اپنے خلاف جاری کیا۔

مشال ملک نے کہا بھارت نے کھل کر بتادیا کہ وہ انسانی حقوق کو روندنے والا سب سے بڑا ملک ہے، بھارت نے دنیا کو بھی بتایا کہ یہ سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے بھی مخالف ہیں۔


متعلقہ خبریں