چیف جسٹس نے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر کومعطل کردیا


لاہور: پنجاب یونیورسٹی کی زمین حکومت کو دینے پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے وائس چانسلر ڈاکٹر زکریا زاکر کومعطل کردیا۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جامعہ پنجاب کی 80 کنال اراضی حکومت کو منتقل کرنے کے خلاف ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے استفسارکیا کہ کس حیثیت میں یونیورسٹی کی 80 کنال اراضی حکومت کو دی گئی؟ عدالت کے علم میں ہے اورنج لائن منصوبے کے لیے فراہم کی گئی۔

عدالت نے اراضی کی منتقلی سے متعلق پنجاب حکومت سے وضاحت طلب کر لی۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اڑھائی برسوں سے مستقل وائس چانسلر تعینات کیوں نہیں کیا گیا اس تاخیرکا ذمہ دار کون ہے؟

جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ ثابت ہوگیا، حکومت اپنےجائز و ناجائز مطالبات منوانے کے لیے مستقل وائس چانسلر تعینات نہیں کرتی۔ عدالت نے سینئر ترین پروفیسر کو فوراً قائم مقام وائس چانسلرلگانے کاحکم دیا۔

عدالتی حکم کے مطابق مسقل وائس چانسلر کا انتخاب چھ ہفتوں میں بذریعہ سرچ کمیٹی شفاف انداز میں کیا جائے گا۔

پنجاب حکومت نے مستقل وائس چانسلر کی تقرری سے متعلق حتمی تاریخ سے عدالت کو آگاہ کرنے کے لیے ایک دن کی مہلت کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ ڈاکٹر تقی زاہد بٹ پنجاب یونیورسٹی کے سینئر پروفیسر ہیں اور انہیں ہی وائس چانسلر لگائے جانے کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں