کابل: افغانستان میں طالبان اور افغان حکومت نے عید الاضحیٰ کے موقع پر تین دن کے لیے جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے دوران طالبان کسی قسم کی کارروائی نہیں کریں گے تاہم صرف اپنی دفاعی پوزیشن میں رہیں گے۔
دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی کے ترجمان نے طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بھی سیکیورٹی فورسز کو سیز فائر کا حکم دے دیا ہے۔
اشرف غنی کے ترجمان نے کہا کہ اگر طالبان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گءی تو پھر ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔
دونوں جانب سے جنگ بندی کا آغاز جمعہ سے ہو گا جو تین دن تک نافذ العمل ہو گا۔
گزشتہ ہفتے افغانستان کے مختلف علاقوں میں افغان فورسز کی کارروائیوں کے دوران 24 دہشت گرد ہلاک جبکہ 27 زخمی ہو گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں افغانستان سے ٹی ٹی پی، جماعت الاحرار پاکستان میں دہشتگردی کرتی ہیں، اقوام متحدہ
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغان فورسز اور دہشت گردوں میں جھڑپیں زابل کے ضلع شنکزئی، ارگاندب اور شاہ جوئی میں ہوئیں۔
افغان وزارت دفاع کی طرف سے دہشت گردوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کر دی گئی۔