اسلام آباد ہائی کورٹ نے آن لائن گیم’پب جی‘ پرپابندی ختم کرتے ہوئے اس فوری بحال کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے پب گیم کے مالک کمپنی کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
پب جی کمپنی کے وکیل اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کا وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔ خیال رہے کہ پب جی گیم کی وجہ سے ملک میں بڑھتی ہوئی خود کشیوں کے باعث پاکستان ٹیلی کمیونیکشن نے اس پر عارضی پابندی لگائی تھی۔
گزشتہ سماعت پر معزز جج نے پی ٹی اے کے وکیل سے استفسار کیا کہ گیم پر پابندی قانون کی کس شق کے تحت لگائی؟ پی ٹی اے کو چاہیے تھا ماہر نفسیات کو بلاتے، ان سے رائے لیتے کہ اس کا اثر کیا ہے۔
وکیل پی ٹی اے نے بتایا کہ اس میں اسلام کے خلاف کچھ مواد نظر آیا جس کی وجہ سےپابندی لگائی۔ عدالت نےاستفسار کیا کہ بتائیں غیراسلامی مواد میٹنگ منٹس میں کہاں لکھا ہے؟
خیال رہے کہ پب جی گیم کیھلنے کی اجازت نہ ملنے پر لاہور میں دو بچوں نے خودکشی کی جس کے بعد ان کے ورثاء کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔ آئی جی پولیس نے بھی پی ٹی اے کو پب جی گیم پر بندش لگانے کے لیے خط لکھا تھا۔
والدین کی جانب سے پابندی کی درخواستیں موصول ہونے کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن نے آن لائن گیم پب جی پر پابندی عائد کردی تھی۔
وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی پی ٹی اے کی جانب سے پب جی گیم پر پابندی کی مخالفت کی تھی۔
انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ایسے رویوں سے ٹیکنالوجی کی انڈسٹری تباہ ہو جائے گی، ہم ایسے فیصلوں کے معاشی نقصان کے متحمل نہیں ہو سکتے، امید ہے کہ وفاقی وزیر امین الحق اس معاملے کا نوٹس لیں گے، ایسے فیصلوں کے دوررس نتائج ہوتے ہیں۔