خیبر پختونخوا کے تمام اسکولوں میں کورونا سیل بنانے کا فیصلہ

ملک بھر میں تمام کلاسز کا باقاعدہ آغاز 7 جون سے کر دیا جائے گا۔

فوٹو: فائل


پشاور: خیبرپختونخوا میں 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے سے قبل تمام اسکولوں میں کورونا سیل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔۔

صوبائی محکمہ تعلیم  نے اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو مراسلہ ارسال کردیا ہے، جس میں تمام اسکولوں میں کورونا سیل بنانے کی ہدیت کی گئی ہے۔

محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے مطابق ایس او پیز کے تحت تعلیمی اداروں میں ماسک پہننابھی لازمی ہوگا۔ نزلہ، زکام، کھانسی اور بخارمیں مبتلا طلبا اسکولوں میں نہیں آئیں گے۔

صوبائی محکمہ تعلیم کے مطابق اسکولوں میں صبح کی اسمبلی منعقد نہیں ہوگی۔ اسکول کے احاطے اورکلاس رومز میں صفائی یقینی بنائی جائے گی۔

مزید پڑھیں: تعلیمی ادارے ایک دم نہیں کھلوائیں گے، مرادراس

محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری مراسلہ کے تحت اسکولوں کے اندرتمام کھیلوں پر پابندی عائد ہوگی۔ اسکولوں میں غیرتعلیمی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔

مراسلہ کے مطابق اسکولوں میں شادی کی تقریبات،جنازے اور سیاسی سرگرمیاں سختی سے ممنوع ہے۔ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے خیبرپختونخوا حکومت نے 15 ستمبر سے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کامران بنگش نے کہا تھا کہ صوبے کے تمام اسکولز، کالجز، یونیورسٹیاں اور مدارس 15 ستمبر کو کھول دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ خیبر پختونخوا کابینہ کے اجلاس فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں کورونا سے متعلق ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے آل پاکستان پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشنز نے 15 اگست سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا تھا

آل پاکستان پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشنز نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس میں 15 اگست سے اسکولز کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

صدر پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن ہدایت خان نے کہا تھا کہ 8 ماہ سے تعلیمی ادارے بند ہیں اور بچوں کا نقصان ہو رہا ہے۔ حکومت سے مذاکرات کیے گئے لیکن ہماری بات نہیں سنی گئی۔ ہم ایس او پیز بنا کر اسکولز کھولیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے 15 ستمبر سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

وزیر تعلیم شفقت محمود نے اس سے قبل کہا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو تجاویز بھیج دی گئی ہیں اور حکومت بھی تعلیمی اداروں سے متعلق مزید مشاورت کرے گی۔

 


متعلقہ خبریں