کوئٹہ: تربت بازار میں دھماکے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ابتدائی طور پر 7 افراد زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے جن کو نزدیکی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دھماکے میں ایک شخص کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاع ملی ہے تاہم اس کی شناخت فی الحال نہیں ہوسکی۔
پولیس نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ بارودی مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا اور دھماکے کے بعد قریب کھڑی گاڑی میں آگ لگ گئی۔
دھماکے سے نزدیک کھڑی دیگر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو حکام موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ بم ناکارہ بنانے والی ٹیم بھی موقع پر پہنچ چکی ہے۔
سیکیورٹی حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ ایک پلانٹڈ دھماکا تھا۔ مزید تحقیقات کی جائیں گی جب کہ دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے بھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
علاقے کے داخلی اور خارجی راستے مسدود کر دیئے گئے ہیں اور گزرنے والوں کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔
وزیرداخلہ بلوچستان ضیا اللہ لانگو نے تربت میں بم دھماکے مذمت کرتے ہوئے تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت نہیں۔ دہشت گردی کےخلاف جنگ فیصلہ کن ہے۔