اسلام آباد: نیواسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے سیکیورٹی جائزے میں حفاظتی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔
ہم نیوز کو ذرائع سے دستیاب تفصیل کے مطابق نئے اسلام آباد ایئر پورٹ کے متعلق حساس اداروں کی مشترکہ سروے رپورٹ مکمل کر کے ایوی ایشن ڈویژن کو ارسال کر دی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایئر پورٹ کے اطراف 50 میٹر پر قائم ہر چیک پوسٹ پر اے ایس ایف کمانڈوز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہوائی اڈے کی حدود میں داخلے سے قبل میٹرو بس اور گاڑیوں کی چکینگ کے لیے جدید اسکینرز بھی نصب کیے جائیں گے۔
سیکیورٹی تفصیلات کے لیے جوائنٹ سروے رپورٹ انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)، ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی)، انٹیلی جنس بیورو( آئی بی) اور ایئرانٹیلی جنس نے تیار کی ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ حساس اداروں کی جانب سے نئے ہوائی اڈے پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے حفاظتی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں ایوی ایشن ڈویژن کو نیا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ فعال کرنے کی مشروط اجازت بھی دے دی گئی ہے۔
مشترکہ جائزہ رپورٹ میں نیو ایئرپورٹ کے لیے الگ تھانہ بنانے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق نیو ایئرپورٹ کی بیرونی چیک پوسٹ پر اہلکاروں کو جدید اسلحے سے لیس کیا جائے گیا۔ چیف کمشنر راولپنڈی اور چیف کمشنراٹک ایئر پورٹ تھانے کے انتظامی کنٹرول کا فیصلہ کریں گے۔
جوائنٹ سروے رپورٹ میں ہوائی اڈے کے اطراف 25 دیہاتوں، جرائم پیشہ افراد، ان کے اہل خانہ اور پناہ گزین افغانیوں کا ریکارڈ بھی شامل کیا گیا ہے۔ میٹرو بس کی گزرگاہ، مسافر ٹرمینل اور آئل ڈپو سے متعلق تفصیلات بھی حساس اداروں کی تیار کردہ رپورٹ کا حصہ ہیں۔