ایف پی ایس سی کی تعیناتیوں کا معاملہ، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ودیگر عدالت طلب

الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج

اسلام آباد: فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) کی تعیناتیوں میں اسلام آباد کا کوٹہ نہ ہونے پرعدالت نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ، چیئرمین ایف پی ایس سی سمیت دیگر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایف پی ایس سی کی جانب سے تعیناتیوں میں اسلام آباد کا کوٹہ مختص نہ کیے جانے کےخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ مقدمے کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی عدالت میں ہوئی۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت کوٹہ سسٹم کی بنیاد پرتعیناتیاں کی جارہی ہیں؟

انہوں نے کہا کہ سب اسلام آباد فتح کرنے آتے ہیں، خدمت کرنے کوئی نہیں آتا۔ اسلام آباد کے شہریوں کو آپ تیسرے درجے کا شہری بھی نہیں سمجھتے۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیے کہ جب تک اسلام آباد کے لیے کوٹہ مختص نہیں ہوتا باقیوں کے لیے بھی کوٹے پر تعیناتیوں کو روک دیتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر آزاد کشمیر پاکستان کا حصہ نہیں تو وہاں کے لوگ یہاں کیسے سروس کرتے ہیں؟

درخواست گزار کا موقف تھا کہ 2013 میں کوٹہ سسٹم سے متعلق آرٹیکل 27 معطل ہوچکا ہے۔

عدالت نے کیس کی سماعت 23 اپریل تک ملتوی کردی۔


متعلقہ خبریں