اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف اورچودھری نثار علی خان مفاہمتی عمل آگے بڑھانے پر متفق ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے سابق وفاقی وزیرداخلہ کے تحفظات بھی دور کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
دو ہفتوں کے دوران ہونے والی چوتھی ملاقات میں دونوں لیگی رہنماؤں نے ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
شہباز شریف اور چودھری نثارعلی خان کے درمیان پارٹی کو خیرباد کہنے والے اراکین کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما چودھری نثار علی خان نے زور دے کر کہا کہ اب بھی مفاہمت کی راہ پر چلنا چاہئے۔
شہباز شریف سے چودھری نثار علی خان کی گزشتہ ملاقات 15 اپریل2018 کو ہوئی تھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے دو ہفتے قبل ہونے والی ملاقات سے پہلے یہ افواہیں زیرگردش تھیں کہ چودھری نثار علی خان اپنی سیاسی راہیں جدا کررہے ہیں۔
اس وقت متعدد ذرائع نے تو یہ خبریں بھی دی تھیں کہ وہ پاکستان تحریک انـصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے ہیں۔