اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر اقلیتوں کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔
اسپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ہم برصغیرمیں خود اقلیت تھے،اس لیےعلیحدہ ملک حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ مسلمانوں کی تاریخ میں1400سال میں اقلیتیں غیرمحفوظ نہیں ہوئیں۔ میں نے نیویارک کی ایک چرچ میں عید کی نمازپڑھی ہے۔
ن لیگی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ پچھلے چند ماہ سے ہندوستان اور کشمیرمیں مسلمانوں پرظلم ہورہاہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سیدنوید قمر نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کےمطالبہ کی حمایت کرتاہوں۔ اقلیتی برادری کی دل آزاری نہیں ہونی چاہیے۔ پاکستان میں اقلیتی برادری کاتحفظ یقینی بناناچاہیے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرتوانائی عمرایوب نے کہا کہ ہمارے لیےکراچی اورپورے پاکستان کے مسائل برابر ہیں۔وفاق کےالیکٹرک کوبجلی فراہم کرنےکےلیےتیارہے۔ کراچی میں بجلی کامسئلہ گزشتہ15سال سےہے۔
عمرایوب نے کہا کہ کےالیکٹرک کونیشنل گرڈ سے بجلی دینے کو تیارہیں۔ واویلا کرنا آسان ہوتاہے،حقائق پربات کرنی چاہیے۔ سیاست سیاست نہ کریں، گورننس درست کریں۔ سندھ حکومت سیاست چھوڑکرکام پرتوجہ دے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ یہ ایوان 22 کروڑ لوگوں کی نمائندگی کرتاہے۔ کراچی کے اراکین نے ایک مسئلہ اٹھایا ہے۔ کےالیکٹرک بننےکےبعدسےمسائل کی بات کی جارہی ہے۔
راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ دوسال سے جس بھی مسئلہ پر بات کی توایک دوسرے کی ذات پرباتیں کی گئیں۔ ہم نے خود کو دنیا کے سامنے تماشا بناکررکھ دیاہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ اجلاس کےآخری دنوں میں جوہوا اس پرتشویش ہے۔ نویرقمرسینئر اورتحمل مزاج رکن ہیں۔ گزشتہ اجلاس میں یہ بھی کوٹ اتارکرلڑنےکے لیے تیارہوگئے۔
راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ ہم نےاس ایوان کوپاکستان کےمسائل کےحل کےلیےاستعمال کرناہے۔ ہم اس ایوان میں ایک دوسرے کو گالیاں دینے نہیں آتے ہیں۔
دریں اثناء اسپیکراسد قیصرکی زیرصدارت پارلیمانی رہنماوَں کے اجلاس میں قومی اسمبلی کا اجلاس 28 جولائی تک جاری رکھنےکا فیصلہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمانی سال کے دن پورے کرنے کے لیےعیدالاضحیٰ کے بعد اجلاس 6 اگست سے 12 اگست تک چلایاجائےگا۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اجلاس میں اہم ملکی اورقومی امورپرقانون سازی ہوگی۔
اسپیکراسدقیصر کی زیرصدارت اجلاس میں قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے اور نظم وضبط کو قائم رکھنے سے متعلق معاملات زیرغور آئے۔
اسپیکراسدقیصر کی زیرصدارت اجلاس میں حکومت ارکان میں اسدعمر، پرویزخٹک، فوادچودھری اور شیریں مزاری، قاسم سوری، علی محمدخان، بابراعوان اورعامرڈوگر نے شرکت کی۔
حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے خواجہ آصف، سردارایازصادق، راجہ پرویزاشرف، نویدقمر، غوث بخش مہر، آغاحسن بلوچ اور شاہدہ اخترعلی نے شرکت کی۔