کراچی میں امن کا کریڈٹ ن لیگ کو جاتا ہے، شہباز شریف 

کراچی میں امن کا کریڈٹ ن لیگ کو جاتا ہے، شہباز شریف | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: مسلم لیگ ن کے صدر اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کراچی میں امن کا کریڈٹ ان کی جماعت کو جاتا ہے۔

بدھ کو مسلم لیگ (ن) سندھ کے عہدیداروں سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی میں خاطر خواہ کمی آنے سے معاشی سرگرمیاں تیز ہورہی ہیں۔ صنعت و تجارت میں نمایاں بہتری آرہی ہے۔

شہباز شریف سے ملاقات میں گورنر سندھ محمد زبیر، وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق، سید ایاز علی شیرازی، سینیٹرز راحیلہ مگسی، آصف علی کرمانی، اسعد علی خان جونیجواور سلیم ضیا موجود تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی کاوشوں سے توانائی بحران پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب لوڈشیڈنگ ماضی کا قصہ بن کر رہ جائے گی۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی آنے سے کراچی سمیت ملک بھر کے دیگر شہروں میں معاشی سرگرمیاں تیز ہوئی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ کراچی میں امن وامان برسوں سے خواب بن چکا تھا۔ پاک فوج او ر سیکیورٹی اداروں کی کاوشوں اور قربانیوں سے کراچی میں امن لوٹ آیاہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردی کے عفریت پر قابو پانے کیلئے یکسو ہوکر کام کیا۔

وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان ہم سب کا ہے، ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے سب کو مل جل کر تندہی سے کام کرنا ہے۔


متعلقہ خبریں