لندن فلیٹس ریفرنس، نیب کا نیا گواہ لانے کا فیصلہ


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے لندن فلیٹس ریفرنس میں شریف خاندان کے خلاف نیا گواہ لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ مذکورہ ریفرنس میں نیب کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز ظاہر شاہ کو گواہ بنایا جائے۔

ذرائع نے بتایا کہ برطانیہ سے موصول دستاویزات بھی ڈی جی آپریشنز نیب ظاہر شاہ نے وصول کی ہیں۔ دراصل انہیں گواہ بنانے کا مقصد نئی اضافی دستاویزات ریکارڈ پر لانا ہے۔

اس سے قبل احتساب عدالت میں زیرسماعت ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں تمام گواہوں کے بیانات قلمبند ہوچکے ہیں۔

لندن فلیٹس ریفرنس:

نیب نے سپریم کورٹ کی جانب سے 28 جولائی 2017 کو پاناما کیس سے متعلق دیئے گئے فیصلے کی روشنی میں احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف تین ریفرنسزدائر کیے تھے۔ ان میں ایون فیلڈ پراپرٹیز ( لندن فلیٹس)، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ شامل ہیں۔

نیب نے لندن فلیٹس ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا تھا۔


متعلقہ خبریں