بلوچستان میں کورونا کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے، ترجمان بلوچستان حکومت


کوئٹہ: ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کورونا کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کورونا سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع سے کورونا وائرس کیسزرپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اسپتالوں میں سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے تاہم بلوچستان میں کورونا کے متاثرین جلد صحت یاب ہو رہے ہیں۔

لیاقت شاہوانی نے کہا کہ بلوچستان میں 55 فیصد کورونا کیسز جون میں بڑھے ہیں اور صوبے میں صحتیاب ہونے والوں کی شرح 38 فیصد ہے۔ لوگوں نے ایس او پیز پرعمل کرن اشروع کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے صحتیاب ہونے والوں کے لیے حکمت عملی مرتب کی ہے اور کورونا سے صحتیابی کے لیے ریکوری پیکج دیا جا رہا ہے۔ جس میں مختلف وٹامنز کی خوراک شامل ہوں گی۔

ترجمان بلوچستان حکومت نے مزید کہا کہ پلازمہ تھراپی سے متعلق حکومت کام کر رہی ہے جبکہ اس وقت صوبے کے کسی بھی اسپتال میں کوئی مشتبہ کورونا کیس نہیں ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب مزید 74 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 4 ہزار 35 ہو گیا ہے۔

ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 138 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 98 ہزار 883 ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 86 ہزار 906 مریض صحت یاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: دنیا بھر میں کیسز 89 لاکھ 15 ہزار سے تجاوز کر گئے

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے اب تک 72 ہزار 880 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 76 ہزار 318، خیبرپختونخوا میں 24 ہزار 943، بلوچستان میں 10 ہزار 116، اسلام آباد میں 12 ہزار 206، آزادکشمیر میں 1,003 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 417 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار 656 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں ایک  ہزار 205، خیبر پختونخوا میں 890، اسلام آباد میں 120، گلگت بلتستان میں 23، بلوچستان میں 113 اور آزاد کشمیر میں 28 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں