کورونا کے کاری وار، عالمی ادارہ صحت کی پاکستان کو لاک ڈاؤن کی تجویز


اسلام آباد: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پاکستانی حکومت کے نام خط میں ایک ماہ کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی تجویز دی ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے پاکستانی حکومت کے نام لکھے خط میں کہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی سے پہلے چھ شرائط کو یقینی بنایا جائے تاہم تاحال پاکستان ایک پر بھی پورا نہیں اترتا۔

عالمی ادارہ صحت نے پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کورونا کیسز میں چار سو فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہندوستان کورونا وائرس کے محاذ پر بھی پِٹ گیا

پاکستانی حکومت کو لکھے گئے خط میں لکھا گیا ہے کہ وبا ملک کے ہر ضلع تک پھیل چکی ہے۔ مجموعی کورونا کیسز میں سے کراچی میں تینتیس فیصد سے زائد، لاہور میں اٹھارہ، پشاور اور کوئٹہ میں پانچ پانچ، جبکہ راولپنڈی میں تین فیصد سے زائد مریض موجود ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے ٹیسٹوں میں سے چوبیس فیصد مثبت آرہے ہیں، ڈبلیو ایچ او کے مطابق یہ شرح پانچ فیصد تک ہونی چاہیے۔

خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ٹیسٹوں کی یومیہ استعداد کار  پچاس ہزار تک بڑھانا ناگزیر ہے۔

لاک ڈاؤن میں نرمی کیلئے ڈبلیو ایچ او کی مقرر کردہ چھ شرائط میں سے پاکستان کسی ایک پر بھی پورا نہیں اترتا، تشخیص، ٹیسٹ، آئیسولیشن، علاج، قرنطینہ اور کیسز ٹریس کرنے کی استعداد انتہائی کمزور ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ کورونا مریضوں کیلئے صرف سات سو اکاون وینٹی لیٹرز میسر ہیں اور شہری بھی احتیاطی تدابیر اپنانے کو تیار نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ریکارڈ 5 ہزار 385 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ تیرہ ہزار 702 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 83 افراد جان کی بازی ہارے ہیں جس کے بعد بعد اموات کا مجموعہ 2 ہزار 225 ہو گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 36 ہزار تین سو آٹھ مریض صحتیاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئیں

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 43 ہزار 460 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 41 ہزار 303، خیبرپختونخوا میں 14 ہزار 527، بلوچستان میں 7 ہزار اکتیس، اسلام آباد میں 5 ہزار 963، آزادکشمیر میں 444 اور گلگت بلتستان میں 974 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 807 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 696، خیبر پختونخوا میں 610، اسلام آباد میں 57، گلگت بلتستان میں 14، بلوچستان میں 62 اور آزاد کشمیر میں 9 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں