شہباز شریف کے گھر پر چھاپہ انتقامی کارروائی ہے، ترجمان بلاول بھٹو

نئی سیاسی جماعت انتخابات کے بعد تشکیل دی جاسکتی ہے، مصطفی نواز کھوکھر

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف کے گھر پر نیب لاہور کی جانب سے  چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتاری کیلئے قومی احستاب بیورو کی کارروائیاں قابل مذمت ہیں۔

ایک بیان میں بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ قومی اسمبلی میں  قائد حزب اختلاف کو گرفتار کرنے کی کوششیں انتقامی کارروائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء جو بیانات دیتے ہیں نیب اسی طرح کی ہی کارروائیاں کرتا ہے۔ شہباز شریف کی عید کے بعد گرفتاری کے بیانات وفاقی وزراء اور مشیر دیتے رہے ہیں۔

ترجمان بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ اگر نیب واقع آزاد ہے تو پشاور بس ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ منصوبے میں ہونے والے گھپلوں پر کیوں خاموش ہے؟

خیال رہے کہ نیب لاہور کی ٹیم نے آج شہباز شریف کی لاہور رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا لیکن نیب ٹیم بغیر گرفتاری کے واپس گئی۔

مزید پڑھیں: کورونا: حکومت ہیلتھ ورکرز کو تحفظ فراہم کرے، بلاول

نیب لاہور کی ٹیم نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی رہائش گاہ پر داخل ہونے کے بعد ن لیگ کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کو وارنٹ گرفتاری دکھا دیے تھے۔ ن لیگ سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کی بڑی تعداد بھی رہائش گاہ پر پہنچی تھی۔

اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ میاں شہباز شریف اپنی رہائش گاہ پر موجود ہی نہیں ہیں۔ اس سلسلے میں شریف خاندان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب صبح پیشی پر گئے تھے لیکن اس کے بعد واپس نہیں آئے ہیں۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اس وقت کہاں ہیں؟ معلوم نہیں ہیں کیونکہ کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس وقت سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ کی تلاشی خواتین پولیس اہلکاروں کی مدد سے لی گئی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق رہائش گاہ میں داخل ہونے والی نیب ٹیم کے ساتھ گاڑی بھی موجود تھی جب کہ لاہورپولیس کی بھاری نفری نے بھی رہائش گاہ کو گھیرے میں لیا ہوا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق نیب لاہورمیں عدم پیشی پر پولیس کی بھاری نفری قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ میں داخل ہو گئی تھی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ان کی گرفتاری عمل میں لائی جا سکتی ہے۔


متعلقہ خبریں