پنجاب مین لاک ڈاؤن سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری

پنجاب میں کورونا پابندیوں میں نرمی

فائل فوٹو


لاہور: وفاقی حکومت اور صوبائی کابینہ کی سفارشات کی روشنی میں محکمہ صحت پنجاب نے لاک ڈاؤن سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن  کے مطابق تعلیمی ادارے، شادی ہالز، پارک اور سینما ہال بدستور بند رہیں گے۔

سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کاروباری مقامات صبح 9 سے شام 7 بجے تک سوموار تا جمعہ کھلے رہیں گے۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل ا سٹورز، آٹا چکی تندور، زرعی ورکشازپس 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔ کال سنٹرز کو 50 فی صد اسٹاف کے ساتھ کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی۔

کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان  کا کہنا ہے کہ بین الاضلاع  ٹرانسپورٹ 24 گھنٹے چلنے کی اجازت ہو گی۔ گروسری اور کریانہ اسٹورز صبح 9 سے شام 7 تک، ہفتہ بھر کھلے رہیں گے۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چرچ صرف اتوار کو صبح 7 سے شام 5 بجے تک عبادت کیلئے کھلے رہیں گے۔

سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق نئے نوٹیفکیشن کا اطلاق 15 جون تک نافذ العمل رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں سندھ میں15 جون سے پرائیویٹ اسکول کھولنے کا اعلان

گزشتہ روز پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے کہا تھا کہ 15 جون کو اسکول کھولنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے ہم نیوز کے پروگرام صبح سے آگے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ فی الحال پنجاب میں اسکول کھولنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے کیونکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اسکول کھول دیے گئے تو کورونا پھیلے گا جو ہم نہیں ہونے دیں گے جبکہ اسکول کھولنے کا مطالبہ کرنے والے کم ہی لوگ ہیں یہ اکثریت کا مطالبہ نہیں ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ اسکول کھولنے والے کچھ افراد کو صرف آمدنی میں نقصان کا افسوس ہے۔ 15 جون کو کوئی اسکول نہیں کھلے گا اور جو کھولیں گے تو ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ جب تک حکومتی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوتا کوئی تعلیمی ادارہ نہیں کھلے گا کیونکہ ہمیں بچوں کی زندگیوں کو بچانا ہے تعلیم کا معاملہ مسئلہ نہیں۔

وزیر تعلیم نے کہا تھا کہ 200 فیصد والدین موجودہ صورتحال میں بچوں کو اسکول بھیجنے کے حق میں نہیں ہیں۔


متعلقہ خبریں