مظفرگڑھ: پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں سیلفی بناتے ہوئے4 بہنوں سمیت پانچ افراد دریائے چناب میں ڈوب گئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی تیراک ٹیمیں پہنچ گئی ہیں اور مدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دریائے چناب کے کنارے پر موجود مقامی افراد نے دو بہنوں اور ایک شخص کو زندہ نکال لیا ہے اور جب کہ دو بہنوں کی تلاش جاری ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ 5بہنیں سیروتفریح کے لیے دریائے چناب پر گئی تھیں جن میں سے چار بہنیں سلفی لیتے ہوئے دریا میں گر گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: شارک مچھلی سے زیادہ سیلفی نے انسانی جانیں لے لیں
یاد رہے کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی پتوکی میں سیلفی لینے کے دوران 24 سالہ نوجوان دریا میں ڈوب گیا تھا۔ 24 سالہ عدیل لاہور صدر کینٹ کا رہائشی تھا جو فیملی کے ساتھ چھٹی منانے آیا تھا۔
قبل ازیں وادی سوات کے سیاحتی مقام بحرین کی سیر کرنے آئے کراچی تعلق رکھنے والے شخص اور ان کی بیٹی ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔
ہم نیوز کے مطابق17 سالہ اریش کا سیلفی لیتے ہوئے پاؤں لڑکھڑایا اور وہ دریا میں جا گری جس کو بچانے کے لیے والد نجیب شجاع نے بھی دریا میں چھلانگ لگا دی۔
حادثے کے بعد مقامی افراد نے باپ بیٹی کی تلاش شروع کر دی، نجیب شجاع کی لاش گریگلن اسٹاپ کے قریب دریا سے مقامی نوجوانوں نے ڈھونڈ نکالی جبکہ بعد ازاں لڑکی کی لاش بھی مل گئی تھی۔