پنجاب میں شاپنگ مالز، پلازے صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے کورونا کنٹرول کے اجلاس میں پنجاب بھر میں شاپنگ مالز اور پلازے صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فوڈ کورٹس، اسٹالز، ریسٹورنٹس وغیرہ عید تک بند رہیں گے۔ ریسٹورنٹس عید کے بعد کھلیں گے اور دن اور اوقات کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دکانیں، کاروبار اور مارکیٹیں بھی صبح 9 بجے سے شام 5 تک کھولی جائیں گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا کے دوران اگر پولیس اہلکاروں کو بیماری وغیرہ ہوجائے تو انہیں خصوصی الاوَنس ملے گا۔ کورونا وائرس سے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو شہدا پیکج ملے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لوگوں کے لیے پرہجوم مقامات پرمنہ اورناک ڈھانپنا لازمی ہوگا۔

اجلاس میں کورونا کے مریضوں کے لیے ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹروں اور ہیلتھ  پروفیشنلزکے مسائل سننے کے حوالے سے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔

خیال رہے کہ کورونا پابندیوں میں نرمی کے اعلان کے بعد گزشتہ روز انصاف ٹرانسپورٹ فیڈریشن پنجاب نے حکومتی احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے بسوں کے کرایوں میں 15 فیصد کمی  کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں: پنجاب: فلور ملز کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کا اعلان

صدر انصاف ٹرانسپورٹ فیڈریشن شکیل اشرف بٹ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نے جو ایس او پیز تیار کیے ہیں وہ آسان ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کی کوششوں سے ٹرانسپورٹ کو کھولاگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دو مہینے ٹرانسپورٹ بند ہونے سے مالی مشکلات کا شکار ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی احکامات کے تحت گاڑیوں کو ڈس انفیکٹ کرنا ہے اور سینیٹائزروماسک کے استعمال کو یقینی بنانا ہے۔

صدر انصاف ٹرانسپورٹ فیڈریشن نے دعویٰ کیا تھا کہ حکومتی احکامات پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بسوں کے کرایوں میں بھی 15 فیصد کمی کی جائے گی۔

صدر انصاف ٹرانسپورٹ فیڈریشن نے کہا تھا کہ حکومت کے اعلان کردہ تمام ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سماجی فاصلے کو یقینی بنانا ہمارا کام ہے۔

 


متعلقہ خبریں