امریکی پارلیمنٹ میں کورونا کیلئے 3 کھرب ڈالرز کا بل منظور

فوٹو: فائل


واشنگٹن: امریکی پارلیمنٹ میں کورونا کے لیے 3 کھرب ڈالرز کا بل منظور کر لیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈیموکریٹ پارٹی نے منظور کیے گئے 3 کھرب ڈالرز کے امدادی پیکج کو ہیروز ایکٹ کا نام دیا ہے۔

امددی پیکج پارلیمنٹ میں 199 کے مقابلے میں 208 ووٹوں سے منظور ہوا جبکہ بل میں ریاستوں اور مقامی حکومتوں کے لیے ایک کھرب ڈالرز رکھے گئے ہیں۔

200 ارب ڈالرز ملازمین کی تنخواہوں اور 75 ارب ڈالرز کورونا ٹیسٹنگ کے لیے مختص ہیں اور بل میں 4 افراد پر مشتمل ہر خاندان کے لیے 6 ہزار ڈالرز ہوں گے۔

حکمران ری پبلکن پارٹی نے نئے امدادی پیکج کو مسترد کر دیا ہے۔

دوسری جانب امریکی کمپنی سورینٹو تھراپیوٹک نے کورونا وائرس کے خلاف 100 فی صد موثر اینٹی باڈی بنانےکا دعویٰ کیا ہے۔

سورینٹو تھراپیوٹک کا دعویٰ ہے کہ ان کی تیار کردہ اینٹی باڈی نے کورونا وائرس کو انسانی خلیے میں داخل ہونے سے روک دیا۔

امریکی کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک مہینے میں اینٹی باڈی کی 2 لاکھ ڈوز تیار کر سکتے ہیں۔

دوا کی تیاری کے لیے امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کو درخواست بھی دے دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں کورونا: ویکیسن کی تیاری قریب آگئی؟

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کی ویکسین کی جلد از جلد تیاری کے لیے آپریشن راپ اسپیڈ کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر امریکہ ہیں جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 14 لاکھ 84 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 88 ہزار 500 سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 3 لاکھ 6 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 46 لاکھ 28 ہزار سے زائد ہے۔ صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد  17 لاکھ 58 ہزار سے زائد ہے۔


متعلقہ خبریں