ایس اوپیز پر عمل نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ


کراچی: کراچی کی انتظامیہ نے کورونا کے پیش نطر ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمشنرکراچی افتخارشالوانی نے تاجر رہنماو کو کمشنرآفس طلب کر کے انتباہ کیا تاجر رہنما اپنا کردار ادا کریں اور اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ کاروبارکی اجازت ایس اوپیز پر عملدرآمد سے مشروط  ہے۔

آل کراچی تاجراتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے تاجر رہنماوَں کے وفد کی قیادت کی۔ وفد میں سلیم میمن، شاکرفینسی، محمدجمال اورحاجی ناصرخان ترک بھی موجود تھے۔

تاجروں نے کمشنرکراچی کو یقین کرائی کہ وہ ایس اوپیزپرعملدرآمد کی پوری کوشش کررہے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 16 اموات ہوئیں۔ کراچی میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 205 ہوگئی۔

محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی کےعلاوہ کسی اور ضلع میں اموات نہیں ہوئیں۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں 600 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے میجر محمد اصغر کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے شہید

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 737 ہو گئی جبکہ اس مہلک وبا میں مبتلا مریضوں کی تعداد 34 ہزار 336 تک پہنچ گئی.

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2,255 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 31 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے 8 ہزار 812 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا کے اب تک 12,610 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب 13 ہزار 225، خیبرپختونخوا 5,021، بلوچستان 2,158، اسلام آباد 759، آزاد کشمیر 88 اورگلگت بلتستان میں 475 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 267 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 218، پنجاب میں 214، بلوچستان 27، اسلام آباد 06 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 4 افراد جاں بحق ہوئے۔

آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے سبب ایک فرد جان کی بازی ہار گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 188 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 11 ہزار 848  ٹیسٹ کیے گئے جبکہ کُل 3 لاکھ 17 ہزار 699  ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں