قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہرعلی نے کورونا وائرس کے سبب بے روزگار ہونے والے افراد کی مدد کیلئے اپنا بلا اور شرٹ نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنا بلا نیلام کرنا چاہتے ہیں جس کے ساتھ انہوں نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ڈے اینڈنائٹ ٹیسٹ میں 300 رنز بنائے تھے۔
اظہرعلی نے چیمپئن ٹرافی2017 والی شرٹ بھی نیلامی کیلئے پیش کی ہے جس پر تمام کھلاڑیوں کے دستخط موجود ہیں جو اس اسکواڈ کا حصہ تھے۔
شرٹ اور بلے کی بولی 10 لاکھ روپے سے شروع ہوگی اور بولی لگانے کا آخری دن5 مئی مقرر کیا گیا ہے۔ شائقین واٹس ایپ اور ٹویٹر کے ذریعے کپتان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
https://twitter.com/AzharAli_/status/1255016799583813632
اظہرعلی نے ویڈیو میں کہا کہ یہ دونوں چیزیں ان کے دل کے بہت قریب ہیں اور چاہتے تھے کہ ان کوہمیشہ اپنے ساتھ رکھیں۔
ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اب قوم پر مشکل وقت ہے اور اکثر لوگوں کو ایک وقت کا کھانا حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے تو میں نے اپنی قیمتی اور عزیزتر اشیا فروخت کر کے غریبوں کی مدد کا فیصلہ کیا ہے۔
قبل ازیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے تیز گیند باز رومان ریئس نے بھی اپنے کرکٹ گیئرز کی نیلامی کا اعلان کیا تھا۔
رومان رئیس نے چیمپئنز ٹرافی میں ڈیبیو پر پہننے والی ون ڈے کیپ، اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے دو مرتبہ پی ایس ایل جیتنے والی شرٹ، کرکٹ بیٹ اور پاکستان ٹیم کی ٹی شرٹ نیلام کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔