لوگوں کو مساجد میں جانے سے نہیں روک سکتے، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماہ رمضان عبادت کا مہینہ ہے، لوگوں کو مساجد میں جانےسےنہیں روک سکتے۔

کورونا کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ علما کےساتھ صدرعارف علوی نےملاقات کی اور 20 نکات پراتفاق کیا گیا، اگر یہ بیماری پھیلتی ہےتو ہو سکتا ہےکہ ہمیں اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنی پڑے۔

ان کا کہنا تھا کہ  ٹائیگرفورس رضاکار فورس ہے، بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، یہ فورس بلامعاوضہ کام کرے گی۔

سماجی کارکن فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

وزیراعظم نے کہا کہ پوری دنیا کواس وقت کورونا چیلنج کا سامنا ہے،ایک طرف کورونا اور دوسری طرف اس کےاثرات پرہرجگہ بات ہو رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں 192 افراد کورونا وائرس سےجاں بحق ہو چکے ہیں، امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد 40 ہزارسےتجاوزکر چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یورپ میں بھی ہلاکتوں کی تعداد ہزاروں میں ہے، کسی ملک کونہیں پتہ کہ کورونا پر کب تک قابو پایا جائےگا۔

انہوں نے کہا کہ تمام قومیں سوچ رہی ہیں کہ کیسے ہلاکتوں سے بچا جائے، فرانس نےلاک ڈاوَن میں نرمی کردی ہے،امریکہ، اٹلی اوراسپین بھی لاک ڈاؤن میں نرمی کا سوچ رہےہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں کہیں بھی غیرمعینہ مدت تک لاک ڈاوَن نہیں چل سکتا، ہماراچیلنج ترقی یافتہ ملکوں سےبڑا ہے،احساس راشن پورٹل لانچ کر دیا ہے،اس پورٹل کا مقصد غریبوں کی مدد کرنا ہے۔


متعلقہ خبریں