لاہور: پنجاب اسمبلی نے اپنے سالانہ بجٹ میں 31 کروڑ روپے کی کمی کردی ہے۔ پنجاب اسمبلی نے یہ کمی عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کی وجہ سے کی ہے۔
چوہدری پرویز الٰہی سے خواجہ برادران کی ملاقات
ہم نیوز کے مطابق صوبائی اسمبلی کے سالانہ بجٹ میں کمی کا فیصلہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت منعقدہ فنانس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس میں صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت اور دیگر اراکین کمیٹی نے شرکت کی۔
اجلاس میں فنانس کمیٹی نے پنجاب اسمبلی کا مالی سال 2021-20 کا دو ارب 63 کروڑ 90 لاکھ 57 ہزار روپے کا بجٹ بھی منظور کیا۔
ہم نیوز کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے صوبائی اسمبلی کے سالانہ بجٹ میں کمی کی گئی ہے۔
کورونا سے نمٹنے اور غریب طبقے کو ریلیف دینے کے لئے پیٹ کاٹ کر وسائل دیں گے، عثمان بزدار
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے قائم کردہ فنڈ میں تین کروڑ روپے دینے پر بھی وہ اراکین اسمبلی کے شکر گزار ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے پانچ ارب روپے کے خصوصی فنڈ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے اپنی اور اپنے کابینہ اراکین کی ایک ماہ کی تنخواہ بھی کورونا بچاؤ فنڈ میں دینے کا کہا تھا۔
پنجاب اسمبلی: اسپتالوں کی خود مختاری کا بل کثرت راے منظور
وزیراعلیٰ کے اعلان کردہ فنڈ میں صوبے کے تمام سرکاری افسران و ملازمین کی جانب سے 120 کروڑ روپے کی رقم بھی جمع کرائی گئی ہے۔ رقم کا چیک چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پیش کیا تھا۔