عوام جتنا ہوسکے خود کو گھروں تک محدود رکھیں، وزیراعظم



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عوام سے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ جتنا ممکن ہو سکے خود کو گھروں تک محدود رکھیں۔

وزیراعظم نے ٹوئیٹ کیا کہ جتنا خود کو نظم و ضبط سے آراستہ کریں گے اتنا ہی ہمارے لیے وبا سے نمٹنا آسان ہوگا۔ اس عمل سے بندشوں میں مرحلہ وار نرمی بھی ممکن ہوپائے گی۔

وزیراعظم اس سے قبل بھی کئی عوام کو گھروں میں رہنے کی اپیل کر چکے ہیں۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب 168 افراد جاں بحق اور 8348 متاثر ہوئے ہیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 3822 کیسز رپورٹ ہوئے۔ سندھ میں کورونا وائر س کے 2,537 مریض ہیں۔ خیبرپختونخوا 1137، بلوچستان 376 اورگلگت بلتستان میں 257 کیسزرپورٹ ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد 171 اور آزاد کشمیر میں 48 مریض ہیں۔ خیبرپختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ 60 اموات ہوچکی ہیں۔ سندھ 48، پنجاب 41، بلوچستان 5 اور گلگت بلتستان میں 3 اموات ہوئی ہیں۔ اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 2 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔

پنجاب میں 216 علاقوں کو ہاٹ اسپاٹ ایریاز قرار دے کر سیل کر دیا گیا ہے جب کہ لاہور کے 12 علاقے بھی سیل کر دیئے گئے ہیں۔ کراچی کے چھ اضلاع میں 26 تحصیلوں کو سیل کیا گیا ہے۔

ملک بھر میں جاری جزوی لاک ڈاون میں نرمی کردی گئی ہے اور برآمدی صنعت کو مکمل کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

غریب اور متوسط طبقے کو روزگار فراہم کرنے کیلئے شعبہ تعمیرات کا کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور حکومت نے اس شعبہ سرمایہ کاری کرنے والوں کیلئے مرعات کا اعلان بھی کیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں