احساس پروگرام ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پیکج ہے، شاہ محمود قریشی

Shah Mahmood Qureshi

فائل فوٹو


ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پیکج ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں احساس کفالت سینٹرز کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کے لیے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پیکج ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ 25 لاکھ خاندانوں میں 144 ارب روپے تقسیم کیے جا رہے ہیں اور متاثرین کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر امداد دی جا رہی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ڈیجیٹل سسٹم کے تحت امداد کا شفاف نظام اپنایا گیا ہے جبکہ ملتان میں متاثرین میں اب تک ایک ارب 36 کروڑ روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملتان میں قائم قرنطینہ بھی پاکستان کا سب سے بڑا مرکز تھا اور ملتان قرنطینہ مرکز میں پاکستان کے چاروں صوبوں کے افراد کی میزبانی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں شہباز شریف کو دم درود کے صدقے چھوڑ دیا جائے گا، شیخ رشید

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے احساس کفالت سینٹر میں امدادی رقم کی ترسیل کے طریقہ کار کو چیک کیا اور متاثرین سے گفتگو کی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور اب تک 159 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 8 ہزار کے قریب افراد متاثر ہیں۔

عالمی وبا کی روک تھام کے لیے حکومت کی جانب سے کوششیں جاری ہیں اور ملک بھر میں گزشتہ ایک ماہ سے لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے تاہم اشیا ضروریہ کی دکانوں کو روزانہ کچھ گھنٹے کے لیے کھولنے کی اجازت ہے اس کے علاوہ تمام کاروبار بند ہے۔


متعلقہ خبریں