ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیخلاف توہین عدالت کی درخواست آج سماعت کیلئے مقرر

Irfan Memon

اسلام آباد: ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست آج سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو وفاقی دارالحکومت میں جلسے کی اجازت نہ دینے کے معاملے پر ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی جسے آج سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق تحریک انصاف کے رہنما عامر مغل کی درخواست پر آج سماعت کریں گے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 2 دن میں جلسے کی اجازت سے متعلق درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: گلستان جوہر تھانے پر 80 سے زائد افراد کا حملہ، 2 پولیس اہلکار زخمی

درخواست میں کہا گیا کہ 2 ماہ گزر جانے کے باوجود ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے جلسے کی درخواست پر فیصلہ جاری نہیں کیا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔

پی ٹی آئی نے درخواست میں استدعا کی کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے خلاف عدالتی حکم عدولی پر توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔ 8 جون کو فاطمہ جناح پارک میں عوامی اجتماع کے انعقاد کے لیے این او سی جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔


متعلقہ خبریں