پنجاب میں کورونا ٹیسٹ کی استعداد10ہزارتک بڑھانےکااعلان

کورونا وائرس، صدی کی خطرناک ترین وبا کا ایک سال مکمل

فوٹو: فائل


لاہور: حکومت پنجاب نے کورونا ٹیسٹ کی استعداد کارروزانہ10 ہزارتک بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کہ پنجاب بہت جلد 10 ہزار کورونا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کر لے گا اور 8نئی لیبز بنانے کا کام بھی آخری مراحل میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 43 ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں اور 4500بستروں پر مشتمل فیلڈ اسپتال بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔

فیلڈ اسپتال لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا اور دیگر شہروں میں بنائے گئے ہیں۔ فیلڈ اسپتالوں میں بستروں کی تعداد10 ہزار تک بڑھائی جا سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے لاک ڈاؤن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ پنجاب میں ایس او پیز کے مطابق کنسٹرکشن انڈسٹری کو دوبارہ کھولا جا رہا ہے۔

عثمان بزدار نے بتایا کہ اسکولوں اور سڑکوں کی تعمیر کو پہلے مرحلے میں مشروط طور پر کھولا جائے گا۔

خیال رہے کہ پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد2945ہوگئی ہے اور28 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ صوبے میں 25 اپریل تک لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے تاہم  پلمبر، حجام، الیکٹریشن، مکینک، ٹیلرز اور بک شاپس کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

لاہور میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز ہیں جہاں 12 علاقوں کو سیل کردیا گیا ہے۔ پنجاب میں مجموعی پر216 علاقوں کو ہاٹ اسپاٹ ایریاز قرار دے کر سیل کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں