اسلام آباد: خلیجی ملک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا ڈرایئونگ لائسنس رکھنے والے اب دنیا کے 50 ملکوں میں گاڑی چلا سکتے ہیں۔
پاکستانیوں سمیت دیگرممالک کےایسے افراد جو یواے ای کا ڈرائیونگ لائسنس رکھتے ہیں ان کے لئے یہ ایک بڑی خوشخبری ہے۔ ایسے افراد کو بہت سے ملکوں میں گاڑی چلانے کے لئے ڈرائیونگ ٹیسٹ، لائسنس لینے کے صبر آزما مراحل سے نہیں گزرنا پڑے گا۔
اماراتی ذرائع ابلاغ کے مطابق یو اے ای حکومت کی جانب سے جاری کردہ ڈرایئونگ لائسنس امریکا، برطانیہ، آئرلینڈ، سنگاپور، نیوزی لینڈ، جرمنی، فرانس، سوئٹزرلینڈ، اٹلی، بیلجئیم، ناروے اور کئی یورپی ممالک سمیت دنیا کے پچاس ملکوں میں کارآمد ہوگا۔
یو اے ای کے ڈرائیونگ لائسنس کے حامل افراد مذکورہ ملکوں میں گاڑی چلانے اور کرائے پر حاصل کرنے کے مجاز ہوں گے۔
ابتدائی طور پر دنیا کے نو ممالک نے یو اے ای کا ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والوں کو اپنے ملک میں گاڑیاں چلانے کی اجازت دی تھی۔ تاہم ہر ملک نے ڈرائیونگ لائسنس کے استعمال کی ایک خاص مدت متعین کی ہے۔
ایسے ممالک کی مکمل فہرست متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔
متحدہ عرب امارات میں ڈرائیونگ لائسنس کا حصول خاصا دقت طلب کام ہے۔ لائسنس حاصل کرنے کے خواہشمند فرد کو ڈرائیونگ کی 40 کلاسز لینا پڑتی ہیں، اس کے بعد ٹسیٹ لیا جاتا ہے اور کامیاب ہونے والوں کو لائسنس فراہم کیا جاتا ہے۔