سرکاری، نجی اسپتالوں کے ناکارہ وینٹی لیٹرز کو کارآمد بنانے کا فیصلہ


اسلام آباد: کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے ملک کے سرکاری اور نجی اسپتالوں کے ناکارہ وینٹی لیٹرز کو کارآمد بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے ٹیکنالوجی فواد چودہدری کا کہنا ہے کہ وینٹی لیٹرز کارآمد بنا کر کورونا کے مریضوں کے لیے استعمال میں لائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 1000 سے زائد وینٹی لیٹرز خراب پڑے ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے وفاقی اور صوبائی سطح پر ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ خراب وینٹی لیٹرز کی مرمت سمیت ٹیکنکل ٹریننگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ خوشی ہے کہ پاکستانی نوجوان انجینئرز مشکل کی گھڑی میں ساتھ کھڑے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان وینٹی لیٹرز اور ٹیسٹنگ کٹس نہیں بناتا تھا۔ آج پاکستان اپنے وینٹی لیٹرز اور ٹیسٹنگ کٹس بنانے جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی ماہرین کورونا وائرس کی دوا کا تجربہ کرنے کیلئے اہل قرار

فواد چوہدری نے کہا کہ اس حوالے سے ڈریپ نے قانونی کارروائی مکمل کر لی ہے۔ مینوفکچرنگ سے پہلے لائسنسز کے عمل کا جلد آغاز ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے اپنے لوگوں میں خود اعتمادی پیدا کی ہے۔ ہم مل کر کورونا کو شکست دیں گے۔ انشاء اللہ پاکستان کورونا کو شکست دینے والے ممالک میں سرفہرست ہو گا۔


متعلقہ خبریں