ملتان میں امدادی رقم کی تقسیم کے دوران بھگدڑ سے ایک خاتون جاں بحق اور20 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
ریسکیوذرائع کے مطابق خاتون کی لاش اور زخمیوں کو نشتراسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملتان میں واقع قاسم پور سینٹر میں احساس پروگرام کے تحت رقم کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچی ہے۔
رقم تقسیم کرنے کا مرکز ایم اے جناح ہائی اسکول میں قائم کیا گیا تھا جہاں پولیس کی نفری بھی تعینات تھی۔
بھگدڑ مچنے کی اطلاع پر ریسکیو رضاکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ جاں بحق ہونے والی خاتون کی عمر70 سال سے زائد ہے جو حکومت کے احساس پروگرام کے تحت ملنے والی امدادی رقم لینے کے لیے آئی تھی۔
خیال رہے کہ حکومت کے احساس پروگرام کے تحت پنجاب میں رقم کی تقسیم کا آغاز ہوگیا ہے۔ ایک لاکھ کورونا متاثرین میں ایک ارب33کروڑ روپے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
ابتدائی مرحلے میں ملتان، شیخوپورہ اور گجرات سمیت دیگرا ضلاع میں رقم تقسیم کی جا رہی ہے، دوسرے مرحلے میں فیصل آباد اور لاہور میں امدادی رقم تقسیم ہوگی۔
پنجاب میں رقم کی تقسیم کیلئے صوبے450سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔ احساس پروگرام کے تحت ڈھائی ہفتے کے دوران 144 ارب روپے مستحقین میں تقسیم کئے جائیں گے۔ امدادی رقم سنٹرز سے صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک وصول کی جا سکے گی۔