جینیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کے باعث جعلی ادویات کے کاروبار میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے جعلی ادویات کے کاروبار میں اضافہ ہوگیا ہے، موجودہ صور ت حال میں جعلی ادویات کے کاروبار کو روکنا ہوگا۔
ڈبلیو ایچ او کا کہنا تھا کہ جعلی ادویات کی صحت پر سنگین مضر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ جعلی ادویات افریقہ کی مارکیٹوں میں فروخت ہورہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کوروناوائرس: دنیا میں95ہزار سے زائد اموات
ڈبلیو ایچ او کی جانب سے کہا گیا کہ انٹرپول کے عالمی فارما سیوٹیکل کرائم فائٹنگ یونٹ نے 90 ممالک میں کارروائیاں کی ہیں۔
اس ضمن میں ایک ہفتہ میں 90 ممالک سے 121 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔
عالمی ادارہ صحت نے یہ بھی بتایا کہ ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے مضر صحت طبی سامان اور ادویات کو ضبط کیا گیا۔
خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا کے 209 ممالک میں95,722 افراد ہلاک اور16 لاکھ تین ہزار سے زائد متاثر ہوچکے ہیں۔
امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد چار لاکھ اڑسٹھ ہزارسے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکہ میں مسلسل ساتویں روزبھی ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے اور مجموعی تعداد ساڑھےسولہ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
نیویارک میں ایک لاکھ انسٹھ ہزار سے زائد مریض موجود ہیں اور سات ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: یقین اور قوت ارادی سے کورونا کو شکست ہو سکتی ہے،ثابت ہوگیا
فرانس میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا سے تیرہ سواکتالیس افراد ہلاک ہوئے اور مجموعی تعداد بارہ ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ ایک لاکھ سترہ ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔
اسپین میں کورونا کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد کیسز رجسٹر ہوئے ہیں اور چوبیس گھنٹوں میں مزید چھ سو پچپن افراد ہلاک ہوئے۔
مہلک وائرس فرانس میں پندرہ ہزار سے زائد جانیں نگل چکا ہے۔ جرمنی میں کورونا کے ایک لاکھ اٹھارہ ہزار سے زائد مریض موجود ہیں جب کہ چھبیس سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بیلجیم میں ڈھائی ہزار اور نیڈر لینڈز میں تئیس سو سے زائد اموات ہوئی ہیں۔