وفاقی ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد کی اسپتالوں کے او پی ڈیز بحال کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق عوام الناس کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسپتالوں کی او پی ڈیز بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسپتالوں کی انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات کے ساتھ او پی ڈیز بحال کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ اسپتالوں کی انتظامیہ سوشل ڈسٹینسنگ اور سینیٹائزر سے شہریوں کے ہاتھوں کی صفائی کو یقینی بنانے کی پابند ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ 24 مارچ کو جاری نوٹیفیکیشن کے مندرجات کے مطابق حفاظتی انتظامات پر پابندی کے ساتھ او پی ڈیز بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: پمز اسپتال کے تین ڈاکٹرز، ایک نرس میں کوروناوائرس کی تصدیق
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نےعوام سے گزارش کی ہے کہ وہ گھروں تک محدود رہیں اور انتظامیہ کی طرف سے جاری ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
خیال رہے کہ ضلعی انتظامیہ نے کرونا وائرس پھیلاو روکنے کیلئے 24 مارچ کو اسپتالوں کے او پی ڈیز بند کرنے کے احکامات جاری کیئے تھے۔