لاہور: وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کو فیسوں میں 20فیصد کمی کا حکم عدالت میں چیلنج کرنے پر شرم آنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جس عوام نے نجی اسکول مالکان کو کروڑ پتی بنایا انہیں 2 ماہ کیلئے ریلیف نہیں دیا جارہا۔
وزیر تعلیم پنجاب نے کہا کہ چند اسکولز 2ماہ کیلئے فیسوں میں کمی نہیں کررہے تاہم متعدد اسکولز فیسوں کے نئے واوچر بھیج رہے ہیں۔
مراد راس کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے سے شکایات کیلئے نمبر کا اجرا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی استاد کو نوکری سے نہیں نکالا جائےگا، اسکولز 3،2 ماہ کی فیس ایک ساتھ نہیں لیں گے۔
وزیر تعلیم پنجاب نے والدین کو تلقین کی کہ پرانے واوچر پر فیس جمع نہ کرائیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کے پرائیویٹ اسکولز کو فیس میں 20 فیصد رعایت دینے کی ہدایت
مراد راس نے کہا کہ ان حالات میں اگر اپنے لوگوں کو ریلیف نہیں دے سکتے تو کوئی فائدہ نہیں۔
یاد رہے کہ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز کے عہدیدار حیدرعلی نے کہا تھا کہ سکول فیسوں کا معاملہ بہت حساس ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ سندھ میں نجی اسکولز 33 لاکھ سے زائد بچوں کو تعلیم دے رہے ہیں، نجی اسکولز پہلے ہی 10 فیصد مفت تعلیم دے رہے ہیں، سکول فیسوں میں 20 فیصد کمی نہیں کرسکتے، انہوں نے کہا کہ نجی سکولوں کی ستر فیصد سے زائد آمدنی تنخواہوں پر خرچ ہوجاتی ہے۔
آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز کے عہدیدار کاشف مرزا نے کہا ہے کہ اسکولز فیسوں میں 20 فیصد کمی کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، نجی سکولوں میں 20 فیصد کمی کا حکم عدالت میں چیلنج کریں گے ، اسکول فیسوں میں کمی پر عدالت سے رجوع کریں گے۔