دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ 1979 میں شروع ہوئی، ڈی جی ملٹری آپریشنز

دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ 1979 میں شروع ہوئی، ڈی جی ملٹری آپریشنز | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کا کہنا ہے کہ دنیا کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ نائن الیون کے بعد شروع ہوئی تاہم پاکستان نے یہ جنگ 1979 میں شروع کر دی تھی۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور اس دوران ہوئے جانی و مالی نقصان کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اب تک 76 ہزار پاکستانی شہید اور 127 ارب ڈالر کا مالی نقصان ہوا ہے۔

نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) یا قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی کے زیراہتمام منعقدہ کانفرنس کو بریفنگ دیتے ہوئے میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 5700 فوجی افسر اور جوان شہید، 18 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔

نیکٹا کانفرنس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ پاکستانی فورسز نے 46 ہزار 370 کلومیٹر کا علاقہ بازیاب کر کے 17 ہزار 614 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

ڈی جی ملٹری آپریشنز کا کہنا تھا کہ داعش افغانستان کے شمال اور شمال مشرق میں مضبوط ہوچکی ہے۔

پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پر موجود گروہوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گرد عناصر افغانستان فرار ہوئے ہیں۔

اپنے مؤقف کا ثبوت پیش کرتے ہوئے ڈی جی ملٹری آپریشنز کا کہنا تھا کہ افغان سرزمین سے پاکستان پر حالیہ عرصے میں 862 دہشت گرد حملے کئے گئے، 483 کو ناکام بنایا گیا۔

پاک افغان سرحد پر اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے 975 جب کہ افغانستان نے 218 سرحدی چیک پوسٹیں قائم کی ہیں۔

دہشت گردوں کو ملنے والی افرادی قوت کے متعلق ڈی جی ملٹری آپریشنز کا کہنا تھا کہ 27 لاکھ افغان مہاجرین کی آبادی سے دہشت گردی کیلئے لوگ بھرتی کیے جاتے ہیں۔

میجر جنرل ساحر شمشاد نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کی قیادت اور مالی امداد کو نشانہ بنایا، ان کا انفرا اسٹرکچر مکمل طور پر تباہ کیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ دنیا کیلئے نائن 11 کے بعد شروع ہوئی ہوگی، البتہ پاکستان کیلئے یہ جنگ 1979 میں شروع ہوئی۔

پاکستان کی حکمت عملی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ چار مرحلوں میں لڑی۔ پہلا مرحلہ 2002 سے 2007 تک رہا۔ اس جنگ کا دوسرا مرحلہ 2009 سے 2013، تیسرا مرحلہ 2013 سے 2014 اور چوتھا مرحلہ جاری ہے۔


متعلقہ خبریں