پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد 250 سے زائد ہو گئی

پاکستان میں کورونا سے 168 افراد جاں بحق،8ہزار348متاثر

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 250 سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ چار مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

سندھ میں 208 کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 28، بلوچستان 15، خیبر پختونخوا 19، اسلام آباد سے 7، گلگت بلتستان سے 13 اور آزاد کشمیر سے ایک کیس سامنے آیا ہے۔

کورونا وائرس سے سندھ میں سب سے ذیادہ 208 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا ہے کہ کراچی سے کورونا کے مزید 19 کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد شہر میں مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد 56 ہو گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر سندھ میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 سو سے تجاوز کر گئی ہے۔

پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد اٹھائیس ہوگئی ہے جس کی تصدیق کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور ملتان میں پانچ  ہزار افراد کو قرنطینہ میں رکھنے کا انتظام کر لیا۔

دوسری جانب معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق اس وقت مُلک میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 247 ہے۔

وفاقی دارلحکومت میں 7, بلوچستان میں 15, خیبر پختونخوا میں 19 کیس رپورٹ ہوئے۔۔ آزاد جموں کشمیر میں 1 گلگت بلستان میں 13 کیسز سامنے آئے۔

ایران سے آنے والے زائرین جو پچھلے 3 ہفتوں سے تفتان کے مختلف قرنطینہ سینٹر میں رکھے گئے تھے انھیں ان کے علاقوں کو روانہ کردیا گیا ہے۔

ڈیرہ بگٹی میں شہر کے انٹری پوائنٹس پر قرنطینہ سینٹر قائم کردیے گئے ہیں۔ کراچی سینٹرل جیل سے چارسو دس قیدیوں کو دیگر اضلاع کی جیلوں میں منتقل کرنے کا عمل شروع کردیا گیا۔

سکھر میں قرنطینہ سینٹر میں ڈیوٹی نا دینے والے محکمہ ہیلتھ کے 27 ملازمین کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

کراچی سے قیدیوں کو حیدرآباد ،سکھر، میرپور خاص ،لاڑکانہ اور بدین کی جیلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے ۔کراچی  سنٹرل جیل  پانچ ہزار  کے قریب قیدی موجود  تھے۔

سندھ بھر میں ریسٹورنٹ اور شاپنگ مالز آج سے پندرہ روز کیلئے بند رہیں گے۔ سی ویو، پبلک پارکس بھی بند رکھے جائیں گے۔

سرکاری دفاتر اور انٹر سٹی بس سروس بھی کل سے بند کر دی جائے گی۔ سبزی اور راشن کی دکانیں کھلی رہیں گی تاہم کراچی کی حدود میں لگنے والے تمام بچت بازار بھی بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے قوم کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے گھبرانا نہیں ہے، بطور قوم مقابلہ کرکے یہ جنگ جیتیں گے۔

عمران خان نے کہا یورپ اور امریکہ کی طرح شہر بند نہیں کر سکتے ہم غریب ملک ہیں، کرونا سے زیادہ لوگ بھوک سے مر جائیں گے۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 7,984 ہوگئی ہے جب کہ 198412 افراد میں جان لیواوائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

کورونا دنیا کے ایک سو چونسٹھ ممالک میں پھیل چکا ہے اور ہلاکتوں کی تعداد سات ہزار نو سو سے بڑھ گئی ہے۔ایک لاکھ اٹھانوے ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں جب کہ اکیاسی ہزار سے زائد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

اٹلی میں مزید تین سو پینتالیس افراد کرونا وائرس کے باعث چل بسے اور ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ڈھائی ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اکتیس ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔

چین میں مزید گیارہ افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے اور مجموعی تعداد تین ہزار دو سو سینتیس ہوگئی ہے۔ چین میں متاثرہ افراد کی تعداد اسی ہزار سے بڑھ چکی ہے۔  ایران میں نو سو اٹھاسی افراد ہلاک ہوئے اور سولہ ہزار سے زائد متاثر ہیں۔


متعلقہ خبریں