کورونا وائرس: سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس، تقریبات اور اجتماعات پر پابندی

صادق سنجرانی دوسری مرتبہ چیئرمین سینیٹ منتخب

اسلام آباد: کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس، تقریبات اور دیگر پارلیمانی اجتماعات پر پابندی لگادی ہے۔

ترجمان سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی وبا کو مد نظر رکھتے ہوئے حفاظتی اقدام کے طور پر دو ہفتوں تک اجتماعی تقریبات بشمول ایوان بالاء کی کمیٹیوں کے اجلاس منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

ترجمان سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن تھوڑی دیر میں جاری کر دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا کا ایک اور کیس، مجموعی تعداد 21 ہوگئی

ترجمان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے ہدایت کی ہے کہ اراکین پارلیمان اور پارلیمنٹ کے ملازمین غیر ضروری اجتماعات سے گریز کریں کیونکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایک مشکل صورتحال درپیش ہے۔

ترجمان کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھی کچھ مریض سامنے آئے ہیں، احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہماری سماجی ذمہ داری ہے۔ کورونا وائرس عالمی وبا کی شکل اختیار کر گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے اس حوالے سے نے قوم سے خصوصی دعاؤں کی اپیل بھی کی ہے۔ اللہ تعالیٰ تمام انسانیت کو اس موذی وبا سے اپنی امان میں رکھے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کوشش کریں کہ گھروں تک محدود رہیں، بھیڑ والی جگہوں پر نہ جائیں۔ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ سربسجود ہوکر دعا کریں اور استغفار پڑھیں۔


متعلقہ خبریں