مسافروں کیلئےخوشخبری، ریلوے کرایوں میں کمی کا اعلان



لاہور: پاکستان ریلوے نے ٹرینوں میں سفر کرنے والے مسافروں کیلئے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا۔ ملک بھر میں چلنے والی 21 مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔

ریلوے کے کرایوں میں کمی  سے متعلق نوٹیفیکیشن  کے مطابق کمی کا اطلاق ٹرینوں کی صرف بزنس اور اے سی اسٹنڈرڈ کلاسز  پر9 مارچ سے ہوگا۔

پاکستان ریلوے نے مسافر ٹرینوں میں اے سی بزنس اور اے سی سلیپر کے ایک طرفہ ٹکٹ پر 10 دس فیصد رعایت کا اعلان کردیا ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق دو طرفہ ٹکٹ پر 25 فیصد رعایت دی جائےگی۔ کرایوں میں کمی صرف ایڈوانس بکنگ پر حاصل ہوگی۔

پاکستان ریلوے کے نوٹیفیکیشن  کے مطابق  کرایوں میں کمی عوام ایکسپریس، ملتان ایکسپریس، رحمان بابا ایکسپرس اور کراچی ایکسپریس میں حاصل ہوگی۔

یہ سہولت بزنس ایکسپریس، شالیمار ایکسپریس، شاہ حسین ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس میں بھی حاصل ہوگی۔

مزید پڑھیں: ریلوے میں کروڑوں روپے کی باضابطگیوں کا انکشاف

نوٹیفیکیشن  کے مطابق  بہاؤالدین زکریا ایکسپریس، گرین لائن ایکسپریس، موسی پاک ایکسپریس، ملتان ایکسپریس اور مہران ایکسپریس میں بھی یہ سولت دستیاب ہوگی۔

ریلوے کے کرایوں میں کمی  سے متعلق نوٹیفیکیشن  کے مطابق فیصل آباد ایکسپریس، فیصل ایکسپریس اور اسلام آباد ایکسپریس پر ایڈوانس بکنگ پر مسافروں کو رعایت ملے گی۔

واضع رہے کہ 20 فروری کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی  برائے ریلوے نے  وزارت خزانہ کو پاکستان ریلوے کے لیے مزید 4 ارب روپے جاری کرنے کی سفارش کر دی تھی۔

سینیٹر اسد علی خان جونیجو کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے اجلاس میں ریلوے حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ رواں مالی سال ریلوے کو 97 ارب روپے جاری ہوئے۔

ریلوے حکام کے مطابق 33 ارب روپے سالانہ پنشنز کی مد میں خرچ ہوتے ہیں اور اب تک 97 ارب میں سے 59 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ رواں سال وزارت خزانہ سے مزید رقم درکار ہو گی۔

مزید پڑھیں: پاکستان ریلوے کراچی کے سب سے بڑے منصوبے سے پیچھے ہٹ گیا

ریلوے حکام نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ رواں مالی سال پاکستان ریلوے کا اب تک کا خسارہ 24 ارب روپے ہے۔ رواں سال ریلوے کے اخراجات 57 ارب روپے جبکہ آمدن 32 ارب روپے رہی۔

حکام نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ریلوے کو 22 ارب روپے کی سبسڈی ملی ہے۔ سبسڈی نکالیں تو خسارہ 2 ارب روپے بنتا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے  نے پی ایس ڈی پی 20-2019  سے متعلق کمیٹی کی سابقہ سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔


متعلقہ خبریں